لاہور : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے تبدیل ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، زیادہ تر علاقوں میں سرد موسم کا راج رہے گا، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور برفباری کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کے علاوہ رات کے وقت بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقے بھی سرد اور خشک رہیں گے، لیکن راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں تیز ہواؤں اور بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مری اور گلیات جیسے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید سردی اور بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے، خاص طور پر چترال، سوات اور کالام میں موسم کی شدت زیادہ ہوگی۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں شام اور رات کے وقت بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو برفباری اور سڑکوں کی خراب حالت کے بارے میں خبردار کیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.