کراچی میں کورونا کے پھیلاؤ کی خبریں غلط، صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا: وزیر صحت سندھ

490

 

کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں کورونا کے پھیلنے کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے صرف 7 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیسٹ موسمی فلو اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کے مریضوں کا احتیاطی طور پر کرایا گیا تھا، اور ان مریضوں میں سے زیادہ تر میں کورونا کی علامات انتہائی ہلکی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پازیٹو مریضوں کو معمولی علامات کی بنیاد پر گھر بھیج دیا گیا ہے۔

وزیر صحت سندھ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کو اب فلو کی طرح سمجھا جا رہا ہے اور اس سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

اسی دوران، محکمہ صحت سندھ نے کورونا اور انفلوئنزا ایچ ون این ون کے کیسز سے متعلق ہسپتالوں میں ہنگامی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت ہیلتھ سینٹرز کو الرٹ رکھیں اور نزلہ، زکام یا کھانسی کے مریضوں کو ویکسین لگوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا یا انفلوئنزا کی علامات ظاہر ہونے والے مریضوں کو فوری طور پر آئسولیٹ کر لیا جائے۔

اس سے قبل ماہر متعدی امراض پروفیسر سعید خان نے بتایا تھا کہ ڈاؤ ہسپتال میں کھانسی اور بخار کی علامات کے ساتھ آنے والے 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہو رہی ہے، اور 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ ون این ون کی تصدیق ہوئی ہے۔ پروفیسر سعید خان نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور سالانہ انفلوئنزا ویکسین لگوانے کی اہمیت پر زور دیا۔

تبصرے بند ہیں.