لاہور:حکومت پنجاب نے گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پنجاب کے شہری اب دوسرے صوبوں یا وفاق میں اپنی گاڑی رجسٹر نہیں کروا سکیں گے۔ ایکسائز حکام نے اس فیصلے کے لیے پنجاب کی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق شہری ٹیکس بچانے کی غرض سے اکثر دوسرے صوبوں یا وفاق میں اپنی گاڑیاں رجسٹر کراتے ہیں، جس سے پنجاب کو ٹیکس کی وصولی میں مشکلات پیش آتی ہیں اور سیکیورٹی کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔
حکام نے مزید کہا کہ اگر کسی شہری نے دوسرے صوبوں میں گاڑی رجسٹر کروائی تو اس پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ نادرا کے ضلعی کوڈز کی بنیاد پر گاڑیوں کی رجسٹریشن کو کنٹرول کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پنجاب سے باہر رجسٹرڈ گاڑیوں کی دوبارہ پنجاب میں رجسٹریشن کے لیے موجودہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اور اس میں ناکامی کی صورت میں گاڑی کو ضبط کر لیا جائے گا اور جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔
ایکسائز حکام نے مزید بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد اس فیصلے کی قانونی کارروائی کے لیے سمری حکومت کو ارسال کی جا رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.