لاہور:غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے بعد جماعت اسلامی نے 17 جنوری (بروز جمعہ) کو ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غزہ کے عوام کی فتح کا دن ہے کیونکہ اسرائیل وہی حماس سے جنگ بندی کرنے پر مجبور ہو گیا جسے وہ مٹانے کی دھمکیاں دیتا رہا تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ نیتن یاہو نے امریکی سرپرستی میں حماس اور غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا اعلان کیا تھا اور 15 ماہ تک فلسطینیوں پر ظلم ڈھایا، لیکن آج اسی حماس سے جنگ بندی کا معاہدہ کرنا پڑا ہے۔ یہ اسرائیل اور امریکہ دونوں کے لیے ایک واضح شکست ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج غزہ کے عوام سرخرو ہیں اور اس کامیابی کا جشن اسماعیل ہنیہ اور یحییٰ سنوار اپنے بھائیوں کے ساتھ منا رہے ہوں گے، جبکہ شہداء اہل غزہ کی قربانیاں بھی یاد کی جا رہی ہوں گی۔
تبصرے بند ہیں.