الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیز تر تکمیل کی طرف لے جایا جائے:وزیراعظم کی ہدایت

108

 

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز (EVs) کے فروغ کے لیے چارجنگ سٹیشنز کے منصوبے کو تیز رفتار سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر گہری تشویش ہے، اور اگر پاکستان روایتی ایندھن کی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دے، تو آلودگی میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال پاکستان کے خزانے پر امپورٹڈ ایندھن کے بوجھ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔ وزارت توانائی نے چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 45 فیصد کمی کر کے 70 روپے سے کم کر کے 40 روپے فی یونٹ کر دیا ہے، جس سے نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں کی استعمال کی لاگت کم ہو گی بلکہ اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

وزیراعظم نے وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اس فیصلے سے سرمایہ کاروں کو اعتماد حاصل ہو گا اور وہ اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے اس منصوبے کی تشہیری مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ عوام کو الیکٹرک گاڑیوں کے فوائد کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ماحول دوست منصوبے نہ صرف ماحولیاتی بہتری کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.