کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کے لیے ان کے خاندان نے تین نسلوں سے خدمات انجام دی ہیں اور شہر کے مسائل کے حل کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ماڈل اپنایا جا رہا ہے۔ وہ کراچی میں شاہراہ بھٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کر دیا ہے، جو نہ صرف کراچی بلکہ پورے صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور حکومت میں کراچی کے عوام کو روزگار فراہم کرنے اور شہر کی صنعتی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ سابق میئر مصطفیٰ کمال سے بھی پوچھا جا سکتا ہے کہ کراچی کے لیے سب سے زیادہ فنڈز آصف علی زرداری نے فراہم کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ حکومت نے کئی کامیاب منصوبے مکمل کیے ہیں اور یہ ماڈل عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ساتھ ہمیشہ سے غیر منصفانہ رویہ رکھا گیا ہے، جس کی وجہ سے وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وسائل مناسب طریقے سے فراہم کیے جائیں تو عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر زور دیا کہ وہ کراچی کے تاجروں کو اعتماد میں لیں اور انہیں کاروباری مواقع فراہم کریں تاکہ شہر کی معیشت مزید مستحکم ہو۔
مزید کہا: "کراچی میں پانی کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، جس پر فوری طور پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ شہر کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا جائے۔”
تبصرے بند ہیں.