میٹا کی نئی پالیسی: فیکٹ چیکنگ سسٹم ختم، کمیونٹی نوٹس کا آغاز

108

کیلیفورنیا :میٹا نے فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز میں مواد کی جانچ پڑتال کے نظام میں نمایاں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ 7 جنوری کو مارک زکربرگ نے بتایا کہ فیکٹ چیکرز سسٹم کو ختم کیا جا رہا ہے اور اس کی جگہ کمیونٹی نوٹس سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جو صارفین کی آراء پر مبنی ہوگا، بالکل ویسا ہی جیسے ایکس (ٹوئٹر) میں موجود ہے۔

زکربرگ نے وضاحت کی کہ پرانا سسٹم لوگوں کو اپنی رائے کے اظہار میں مشکلات فراہم کرتا تھا اور انہیں مختلف خیالات ترک کرنے پر مجبور کرتا تھا۔ تاہم، انہوں نے اس تبدیلی کے نتائج کے حوالے سے اعتراف کیا کہ اس کے باعث میٹا کے پلیٹ فارمز پر نقصان دہ مواد کے پھیلنے کا امکان ہو سکتا ہے۔

یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا ہے جب ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے والے ہیں۔ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کی طرف سے میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر دائیں بازو کے خیالات کو سنسر کرتے ہیں۔

میٹا کے گلوبل افیئرز کے سربراہ Joel Kaplan نے اس تبدیلی کو سیاسی تعصب کے اثرات کا نتیجہ قرار دیا اور تسلیم کیا کہ میٹا کی فیکٹ چیکنگ شراکت داری میں سیاسی تعصب شامل تھا۔ انہوں نے ایلون مسک کی جانب سے اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کی بھی تعریف کی۔

فیس بک اوور سائیٹ بورڈ نے اس فیصلے پر تنقید کی اور اسے مواد کی جانچ پڑتال کے محفوظ طریقے سے پیچھے ہٹنے کے مترادف قرار دیا۔ کمپنی نے واضح کیا کہ مستقبل میں صرف غیر قانونی یا انتہائی حساس مواد جیسے دہشت گردی اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مسائل پر توجہ دی جائے گی، اور دیگر مواد کی جانچ صارفین کی رپورٹنگ پر مبنی ہوگی۔

زکربرگ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ نئے سسٹم کے تحت معصوم مواد کی سنسرشپ کو کم کیا جائے گا، اگرچہ اس کے نتیجے میں خراب مواد کی نشاندہی مزید مشکل ہو سکتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.