اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کی پیشرفت مثبت رہی ہے اور 2025 ملک کے لیے سیاسی استحکام کا سال ثابت ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی افتتاحی تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے سیاسی مذاکرات کو مثبت انداز میں آگے بڑھایا ہے اور 2025 میں پاکستان میں سیاسی استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے عمل میں اس وقت مثبت نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2024 میں ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور انٹرنیٹ کی رفتار میں اضافہ بھی قابلِ ذکر ہے۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان میں دنیا کے سستے ترین انٹرنیٹ پیکیجز فراہم کیے جا رہے ہیں، جو دیگر ممالک کے مقابلے میں کہیں زیادہ سستے ہیں۔
عطا تارڑ نے میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کی میزبانی نہ صرف کرکٹ کے کھیل کو فروغ دے گی بلکہ پاکستان کے عالمی تشخص کو بھی بہتر کرے گی۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں کرکٹ کے میدان میں بہتری آئی ہے، اور اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کا کام جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی کے بعد عالمی دنیا کو یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی کے قابل ہے، اور اسی طرح پاکستان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
عطا تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات کا عمل جاری رکھیں اور مل کر ملک کے مفاد میں کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ 2025 ملک کے لیے سیاسی استحکام کا سال ثابت ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور 2025 میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔
تبصرے بند ہیں.