کرم امن معاہدہ دشمن کی سازشوں کے خلاف اہم قدم ہے: محسن نقوی

77

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کرم امن معاہدہ خطے میں دیرپا امن قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے کرم بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک دشمن عناصر کی گھناؤنی سازش قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ علاقے میں امن کی بحالی کے لیے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں فائرنگ جیسے واقعات کے ذریعے امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، لیکن حکومت ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو فوری طور پر پشاور منتقل کر کے علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز اور امن جرگہ کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جو صوبے میں مستقل امن کے قیام میں معاون ہوں گے۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والے قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے امن و امان کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کا یقین دلایا۔

تبصرے بند ہیں.