وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا

71

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا 11 واں اجلاس کل طلب کر لیا ہے، جس میں اعلیٰ حکومتی، عسکری اور صوبائی قیادت شرکت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی اور اس کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس کے دوران تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت، ملک میں سرمایہ کاری کے رجحانات اور متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا دوست ممالک کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری اور ان کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ، سرمایہ کاری کے مزید فروغ کے لیے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

دریں اثنا، وزیراعظم نے جمعہ کے روز نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا ہے، جس میں نیشنل ایکشن پلان کی موجودہ صورتحال، افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشنز پر بریفنگ دی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.