روس نے آذربائیجان کے طیارے کو گرانے کی غلطی تسلیم کرلی

96

ماسکو: روس نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کو غلطی سے گرانے کا اعتراف کیا ہے اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے معذرت کی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ٹیلیفون پر اپنے آذربائیجانی ہم منصب سے حادثے پر بات کی، تاہم انہوں نے اس غلطی کا باقاعدہ طور پر اعتراف نہیں کیا۔

 

کریملن کے مطابق پیوٹن نے علیوف کو بتایا کہ آذربائیجان کے طیارے کی گروزنی میں لینڈنگ کے دوران روسی فضائی دفاعی نظام فعال تھا، کیونکہ اسی وقت یوکرینی ڈرون حملے ہو رہے تھے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ آذربائیجان کے طیارے نے گروزنی میں لینڈنگ کی کوشش کی، اور اس دوران یوکرینی حملوں کے جواب میں روسی فضائی دفاعی فورسز سرگرم تھیں۔

 

یاد رہے کہ یہ حادثہ گزشتہ بدھ کو پیش آیا جب آذربائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق طیارہ دھند کی وجہ سے اپنا روٹ تبدیل کرکے گروزنی سے قازقستان جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس سے پہلے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی درخواست بھی کی تھی۔ روسی ایوی ایشن حکام کے مطابق راستہ تبدیل کرنے کی وجہ گہری دھند اور یوکرینی ڈرون حملوں کی وجہ سے جاری کیے گئے مقامی الرٹس تھے۔

تبصرے بند ہیں.