اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلنگ نظام میں شفافیت لانے کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے عمل کو فوری طور پر تیز کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ اوور بلنگ کی روک تھام کی جا سکے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ اوور بلنگ کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بجلی چوری کے خلاف مزید ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیرِ اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں چیف ایگزیکٹیو افسران کی تعیناتی میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل کو شفاف طریقے سے اور فوری طور پر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنیوں میں افرادی قوت کی بھرتی میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اور نیپرا کے دیے گئے ٹارگٹس کو پورا کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
تبصرے بند ہیں.