کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے چھوٹے زمینداروں کو سبسڈی دینے کے لیے "بینظیر کسان کارڈ” متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کسان کارڈ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت چھوٹے کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس پروگرام کا مقصد کسانوں کی زراعتی سرگرمیوں کو مزید مضبوط کرنا ہے تاکہ وہ اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ یہ کسان کارڈ منصوبہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان کے کسان دوست وژن کا حصہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اور بلوچستان کے کسانوں کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پہلا مرحلہ بلوچستان حکومت کے اپنے وسائل سے شروع ہوگا، دوسرے مرحلے میں وفاقی حکومت سے مدد لی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اس فیصلے کو صوبے کے کسانوں کے لیے ایک تاریخی اقدام قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تمام اتحادی حکومت ایک پیج پر ہیں اور یہ منصوبہ بلوچستان کے کسانوں کی فلاح کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
تبصرے بند ہیں.