پاکستان کی سکیورٹی کا فیصلہ پاکستانی قوم کرے گی، ممتاز زہرابلوچ

105

اسلام آباد : پاکستان کی دفتر خارجہ کی ترجمان، ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی کے فیصلے پاکستانی عوام خود کریں گے اور امریکی پابندیاں ان فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔  انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر عائد کی گئی پابندیاں غیر ضروری اور نا انصافی پر مبنی ہیں، اور پاکستان نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ امریکا سے ایسے تعلقات چاہتا ہے جس میں جنگ کی صورت حال پیدا ہو۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے خطے میں میزائل سسٹم اور جوہری ٹیکنالوجی کی دوڑ شروع کی ہے اور عالمی طاقتوں کو بھارت کے خلاف اقدامات اٹھانے چاہیے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی ہے، اور ماضی میں بھی پاکستان پر کئی پابندیاں لگیں، مگر اس کے دفاعی فیصلے ہمیشہ خود ملک نے کیے۔

 

علاوہ ازیں، یورپی یونین کے فوجی عدالتوں پر تحفظات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور عدالتیں اپنے اندرونی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،تاہم پاکستان کی قوم اپنے مسائل خود حل کرنا جانتی ہے۔

 

خیال رہے کہ امریکا نے حال ہی میں پاکستان کے چار اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔ ان اداروں میں اسلام آباد کا نیشنل ڈیولپمنٹ کمپلیکس اور کراچی کے تین ادارے شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.