مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کے لیے امداد کا وعدہ پورا کردیا

74

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کو ضروری ادویات فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرتے ہوئے 41 ضروری آئٹمز کی دوسری کھیپ روانہ کر دی ہے۔ مریم نواز کی ہدایت پر مزید پانچ ٹرکوں کی فراہمی کے لیے اقدامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔

 

مریم نواز نے 19 دسمبر کو کابینہ اجلاس میں پاراچنار کے عوام کی درخواست پر ادویات اور دیگر سامان بھیجنے کی ہدایت کی تھی، جس پر وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے عمل کی نگرانی کی۔ اب تک انسولین، کتے کے کاٹنے کی ویکسین اور دیگر ضروری ادویات پاراچنار پہنچ چکی ہیں، اور مزید سامان کی ترسیل جاری ہے۔

 

مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے پاراچنار کی 60 سالہ مریضہ کو فوری طور پر اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ مریضہ کے بیٹے نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ایئر ایمبولینس سروس کی تعریف کی۔

 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرم کے عوام مشکلات کا شکار ہیں اور یہ وقت سیاست کا نہیں، بلکہ خدمت کا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو مزید مریضوں کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے راولپنڈی منتقل کیا جائے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ قائد نواز شریف نے خصوصی طور پر پاراچنار کے عوام کی مدد کی ہدایت کی ہے، اور پاراچنار کے لوگوں کی مدد کی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.