اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئی تو ان سے منت کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
18 ویں سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ اس وقت سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کم کرنے کے لیے تمام دروازے کھلے ہیں اور حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی مفاد میں کسی بھی طرح کی بات چیت کی راہ میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے اور ہر سیاسی جماعت کو قومی مسائل پر ایک صفحے پر لانے کی کوشش کی جائے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سپیکر کا کام ایوان کی عزت و وقار کو برقرار رکھنا ہے اور اس مقصد کے لیے ہمیں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان توازن قائم کرنا ہوگا۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ سیاسی تقسیم کے خاتمے کے لیے تمام سپیکرز کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ایوان میں مثبت ماحول قائم کیا جا سکے۔
انہوں نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ سپیکرز کانفرنس میں طے شدہ تجاویز اور اصلاحات پر عملدرآمد کی نگرانی کی جائے گی اور انسداد دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز جب بھی ضرورت محسوس ہو گی، جاری کیے جائیں گے، اور جمہوری روایات کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا
تبصرے بند ہیں.