پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

86

کیپ ٹاؤن : پاکستان نے جنوبی افریقا کو دوسرے ون ڈے میچ میں 81 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان جنوبی افریقا میں تین مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

 

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے 49.5 اوورز میں 329 رنز بنائے اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے 73 اور محمد رضوان نے 80 رنز بنائے، جب کہ کامران غلام نے 5 چھکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مفاکا نے 4 اور مارکو یانسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

 

جنوبی افریقا کی ٹیم 329 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 248 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہینرک کلاسین نے 74 گیندوں پر 97 رنز بنائے، مگر وہ اپنی ٹیم کو جیت نہیں دلا سکے۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے 47 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نسیم شاہ نے 3، ابرار احمد نے 2 جبکہ  سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

پاکستان نے اس میچ میں اپنی جیت کی ٹیم کو برقرار رکھا اور کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ جنوبی افریقا نے 4 تبدیلیاں کیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے پہلے ون ڈے میں بھی جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، اور اب سیریز میں 0-2 کی برتری کے ساتھ فاتح بن چکا ہے۔

تبصرے بند ہیں.