تل ابیب: اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو مصر پہنچ گئے ہیں، جس سے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، نیتن یاہو مصر میں جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے پہنچے ہیں اور آئندہ چند روز میں معاہدہ طے پانے کی توقع ہے۔
اگرچہ اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے مصر جانے کی تصدیق نہیں کی، تاہم مختلف ذرائع نے ان کے دورے کی اطلاعات دی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ وزیرِاعظم اس وقت مصر میں نہیں ہیں، لیکن ان کے دورے پر مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق، فلسطینی صدر محمود عباس بھی جلد مصر کا دورہ کریں گے، جہاں جنگ بندی کے حوالے سے مزید بات چیت ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد کرنا بند کردے تو جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ممکن ہے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 45,059 فلسطینی شہید اور 107,041 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.