شام میں دمشق کے قریب اجتماعی قبر دریافت ، ہزاروں لاشوں کی موجودگی کا خدشہ

98

دمشق : دمشق کے قریب ایک اجتماعی قبر کی دریافت نے تشویش پیدا کر دی ہے۔ یہ قبر دارالحکومت دمشق سے 25 کلومیٹر شمال میں القطیفہ کے علاقے میں ملی ہے، اور اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اس میں ہزاروں لاشیں دفن ہو سکتی ہیں۔

 

یہ اجتماعی قبر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دریافت ہونے والی قبروں میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل جنوبی شام میں بھی کئی اجتماعی قبریں ملی ہیں، جن میں سے ایک میں خواتین اور بچوں سمیت 22 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن پر تشدد اور قتل کے نشانات تھے۔

 

ایک امریکی تنظیم کے سربراہ معاذ مصطفیٰ نے رائٹرز کو بتایا کہ اس قبر میں کم از کم ایک لاکھ لاشیں دفن ہو سکتی ہیں، تاہم اس دعوے کی تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔

 

یاد رہے کہ بشار الاسد اور ان کے والد حافظ الاسد پر اپنے اقتدار کے دوران ہزاروں افراد کے ماورائے عدالت قتل کا الزام ہے، جن میں بدنام زمانہ جیلوں میں ہونے والے قتل بھی شامل ہیں۔ اس دریافت نے عالمی برادری کی جانب سے شامی حکومت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کو مزید تقویت دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.