لاہور :وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے جاتی امرا لاہور میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال اور مولانا فضل الرحمٰن کے خدشات کے پیش نظر مجوزہ مدارس بل پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے نواز شریف کو اپنے سعودی عرب کے حالیہ دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمٰن کے مطالبات کی روشنی میں مدارس سے متعلق بل پر بھی مشورہ کیا۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت کو مدارس سے متعلق بل کی منظوری کے لیے آج کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ مدارس کو شدت پسندی کی طرف لے کر جا رہی ہے۔
شہباز شریف کا لاہور میں مصروف دن، رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور میں اہم سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ان میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، رانا ثنا اللہ اور رضا حیات ہراج شامل تھے۔
ماڈل ٹاؤن میں رانا ثنا اللہ نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ رضا حیات ہراج نے بھی وزیرِ اعظم سے ملاقات کی، جس دوران انہوں نے اپنے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
مدثر قیوم ناہرہ، میاں مرغوب احمد اور حافظ میاں محمد نعمان نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں پنجاب کے سیاسی مسائل اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.