عاصم اظہر نے اداکاری کے لیے دلچسپی ظاہر کر دی

34

اسلام آباد:گلوکار عاصم اظہر نے مستقبل میں اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پہلے ایک شعبے میں شہرت حاصل کریں، پھر بعد میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھیں۔

کراچی آرٹس کونسل کے تحت ہونے والی سترہویں اردو کانفرنس کے ایک سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم اظہر نے اداکاری کو مشکل کام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیمرے کے سامنے ڈائیلاگ بولنا تو ایک چھوٹا حصہ ہے، اصل چیلنج کیمرے کے پیچھے کی تیاری اور محنت ہے۔

عاصم اظہر نے عاطف اسلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عاطف اسلم نے گلوکاری میں کئی کامیابیاں حاصل کرنے کے بعد اداکاری کا آغاز کیا۔ ان کے مطابق دونوں شعبوں میں عاطف اسلم نے کامیابی حاصل کی۔

عاصم اظہر نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ جانتے ہیں کہ اداکاری آسان کام نہیں، اور وہ اس شعبے میں قدم رکھنے سے پہلے تربیت اور باقاعدہ تعلیم حاصل کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔

اسی سیشن کے دوران عاصم اظہر نے اداکار ہمایوں سعید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمایوں سعید کو اداکاری کا استاد سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمایوں سعید کے سامنے اس حوالے سے بات کرنے سے بھی گھبراتے ہیں۔

ہمایوں سعید نے بھی عاصم اظہر کی اداکاری کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک ڈرامے میں کام کر چکے ہیں۔ ساتھ ہی ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ انہوں نے عاصم اظہر کو اداکاری کی پیش کش بھی کی، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ وہ پیش کش قبول کی گئی یا مسترد ہوئی۔

یاد رہے کہ عاصم اظہر نے حال ہی میں مشہور ڈراما صنف آہن میں ایک مختصر کردار ادا کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.