لاہور :وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے آج ہونے والی آئی سی سی میٹنگ ملتوی ہو گئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوگا، قوم کو آگاہ کیا جائے گا اور مایوس نہیں کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر کے کرکٹ گراؤنڈز کی حالت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جہاں گراؤنڈز موجود نہیں، وہاں زمین خرید کر نئے گراؤنڈز تعمیر کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط کر کے بہترین کھلاڑی تیار کیے جائیں گے۔
پشاور اسٹیڈیم کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے شہروں میں بھی ٹورنامنٹس کروانے کی کوشش ہو رہی ہے جہاں پہلے کرکٹ کے ایونٹس نہیں ہوئے۔
چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی قبل از وقت شرط پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی کرکٹ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئی سی سی کو نقصان ہوا تو اس کا اثر دنیا بھر کی کرکٹ پر پڑے گا، لیکن ہمیں امید ہے کہ معاملات بہتر ہوں گے۔
تبصرے بند ہیں.