بلوچستان میں 7 سے 9 دسمبر تک گردآلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

78

کوئٹہ : محکمہ موسمیات نے 7 سے 9 دسمبر تک بلوچستان میں گردآلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے، جس سے صوبے کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 3 سے منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق، بلوچستان کے ساحلی علاقے جیسے گوادر، آواران، کیچ اور پنجگور سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی، جن کے نتیجے میں ریت اور دھول کے طوفان جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، کوئٹہ، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، چاغی، خاران، مستونگ اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

 

شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت منفی 3 سے منفی 5 ڈگری تک گرنے کی توقع ہے، اور سمندری علاقوں میں بھی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

تبصرے بند ہیں.