کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے خلاف کامیابی، ڈکیتیوں میں ملوث اہم ملزم پکڑا گیا

63

کراچی :کراچی میں پولیس نے بینک سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے ایک مرکزی رکن کو گرفتار کر لیا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں ناگن چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم محمد نعیم ولد منیر احمد کو حراست میں لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں جیسے ٹیپو سلطان، شارع فیصل، نرسری اور صدر میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے افراد کو نشانہ بناتا تھا۔ اسلحے کے زور پر شہریوں سے بھاری رقوم لوٹنے کا اعتراف بھی کیا گیا۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم ماضی میں بھی کئی ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث رہا ہے، اور اس کے خلاف پہلے سے پریڈی، صدر، اور ایس آئی یو تھانوں میں چار مقدمات درج ہیں۔

پولیس نے ملزم کے خلاف نیا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش کے ساتھ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تبصرے بند ہیں.