ایلون مسک کا گیمنگ انڈسٹری میں نیا انقلاب، ایکس اے آئی گیمنگ اسٹوڈیو متعارف

58

 

امریکہ : ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے اب گیمنگ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر اپنے نئے گیمنگ اسٹوڈیو، ایکس اے آئی گیمنگ اسٹوڈیو کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ گیمنگ انڈسٹری میں معیار کو واپس لانے اور موجودہ حالات میں مثبت تبدیلیاں کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق، گیمنگ انڈسٹری میں تفریح اور تخلیقی صلاحیتوں کے بجائے سیاست پر غیر ضروری زور دیا جا رہا ہے، جو تشویشناک ہے۔

مسک نے حالیہ دنوں میں مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ نڈیلا اور ایکس باکس کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ گیمز میں غیر ضروری سیاسی پیغامات شامل کیے جا رہے ہیں، جو گیمرز کے تجربے کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈویلپرز پر زور دیا کہ وہ اپنی توجہ معیاری اور تفریحی گیمز بنانے پر مرکوز کریں۔

ایکس اے آئی گیمنگ اسٹوڈیو میں گیمز کی تیاری کے لیے جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ ایلون مسک کے مطابق، ان کا مقصد ایسی گیمز بنانا ہے جو نہ صرف تفریح فراہم کریں بلکہ تنوع اور جدت کا مظہر بھی ہوں۔

یہ قدم مائیکرو سافٹ اور سونی جیسی بڑی کمپنیوں کے لیے ایک نیا چیلنج بن سکتا ہے، اور ماہرین اس نئے اقدام کو گیمنگ انڈسٹری میں ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.