پنجاب حکومت ناکام، وفاق نے بہترین آپریشن کیا:گورنر پنجاب کا پی ٹی آئی کے اسلام آباد مارچ پر ردعمل

75

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد مارچ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور پولیس کی ناکامی کی وجہ سے پی ٹی آئی کے مظاہرین اسلام آباد تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ "پنجاب حکومت نے کنٹینرز لگا کر ایسا ماحول بنایا جیسے کوئی سونامی آ رہا ہو، لیکن حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔” ان کا کہنا تھا کہ "اگرچہ پی ٹی آئی مظاہرین پر جانی و مالی نقصان کا زیادہ بوجھ آتا ہے، تاہم حکومت کی ناکام حکمت عملی میں بھی حصہ تھا۔”

سردار سلیم نے کہا کہ "کٹی پہاڑی اٹک کے قریب پنجاب پولیس کو ایکسپائر شیل فراہم کیے گئے، جو ان کی تیاری اور حکمت عملی کی ناکامی کا مظہر ہے۔” انہوں نے علی امین گنڈا پور کی جانب سے وفاقی وسائل کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔”

گورنر پنجاب نے کہا کہ "پی ٹی آئی کے مظاہرین کو اسلام آباد سے نکالنے کے لیے آپریشن بہترین طریقہ تھا۔ اگر یہ مظاہرین ڈی چوک پہنچ جاتے تو بہت زیادہ تباہی ہو سکتی تھی۔” انہوں نے کہا کہ "تمام ادارے اس میں ناکام ہوئے کہ یہ مظاہرین اسلام آباد تک کیسے پہنچے، لیکن اسلام آباد میں آپریشن کر کے اچھا فیصلہ کیا گیا۔”

سردار سلیم نے بتایا کہ "بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈا پور شروع میں اسلام آباد سے بھاگنا چاہتے تھے، مگر پی ٹی آئی کارکنوں نے انہیں جانے نہیں دیا۔”

تبصرے بند ہیں.