اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد، علی ناصر رضوی نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے بارے میں خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی شخص قانون کو اپنے ہاتھ میں لے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
علی ناصر رضوی نے ڈی چوک کا دورہ کیا اور وہاں پی ٹی آئی کے احتجاج کے لیے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، یعنی شہر میں کسی بھی احتجاج یا مجمعے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کا مقصد کسی بھی شر انگیزی کو روکنا ہے اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ امن و امان قائم رہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں کیونکہ ایسی سرگرمیوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.