ایف آئی اے نے چینی کمپنی کو دھوکا دینے کے الزام میں تاجر کو گرفتار کر لیا

46

کراچی : کراچی میں ایف آئی اے کے عملے نے ایک تاجر سید ذیشان افضل بلگرامی کو گرفتار کر لیا ہے، جو ایک چینی کمپنی کو کروم ایسک کی بجائے کنٹینرز میں مٹی اور بجری بھیجنے کے الزام میں ملوث تھا۔

 

ایف آئی اے حکام کے مطابق، یہ کارروائی چینی درآمد کنندہ کمپنی کی شکایت پر کی گئی۔مقدمے کے مطابق، سید ذیشان اور چینی کمپنی کے درمیان 17 جنوری 2024 کو ایک معاہدہ طے پایا تھا جس میں ڈنزو ٹریڈرز نے چین کو 1500 میٹرک ٹن کروم ایسک بھیجنا تھا۔ تاہم، 11 فروری کو جب کنٹینرز چین کی بندرگاہ پر پہنچے تو ان میں کروم ایسک کی بجائے مٹی، پتھر اور بجری بھری ہوئی تھی۔

 

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ذیشان نے اپنے بینک اکاؤنٹ میں موجود ایل سی (لیٹر آف کریڈٹ) کو دھوکہ دہی سے استعمال کرتے ہوئے جعلی دستاویزات جمع کرائیں۔ ان دستاویزات میں انسپکشن سرٹیفیکیٹ اور ویٹ کی جعلی رپورٹیں شامل تھیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف چینی کمپنی کو نقصان پہنچا بلکہ ملکی معیشت کو بھی بدنام کیا گیا۔

 

ایف آئی اے نے تاجر سید ذیشان کو ان کے دفتر سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کروم ایسک ایک قیمتی معدنیات ہے جو اسٹین لیس اسٹیل اور دیگر مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.