لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملک کی تاریخ میں پہلی بارچیف منسٹر ڈائیلیسز پروگرام کارڈکی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد گردے کے مریضوں کو بہتر اور بلا تعطل علاج فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے ہیلتھ پروگرامز اور منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے اس پروگرام کے تحت ڈائیلیسز کے مریضوں کے علاج کے لیے فنڈز 10 لاکھ روپے تک بڑھا دیے ہیں، جن میں سے 8.5 لاکھ روپے ڈائیلیسز سیشنز اور1.5 لاکھ روپے ٹیسٹوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات اورمفت ٹیسٹ فراہم کیے جائیں تاکہ کسی مریض کو علاج کی سہولت سے محروم نہ رکھا جائے۔
اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلیسز سینٹرز میں ایس او پیز (معیاری آپریٹنگ پروسیجرز)کے مطابق عملدرآمد کی ہدایت دی گئی، اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں مزید ڈائیلیسز یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ مریم نواز نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلیسز سینٹرز کی مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ "فنڈز کی کمی کی وجہ سے ڈائیلیسز کا عمل رکنا افسوسناک ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر مریض کو بہترین علاج کی سہولت فراہم ہو، تاکہ ان کا علاج بلا تعطل جاری رہ سکے۔”
مریم نواز نےپی آئی سی ٹو کوسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال میں تبدیل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے نواز شریف کینسر ہسپتال میں ہیڈ کی تقرری کی بھی منظوری دی۔ مزید برآں، وزیراعلیٰ نے امراض قلب کے علاج کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی، آلات اور ادویات کی فراہمی کی ہدایت کی، اورسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی جدید تربیت کے لیے ماسٹر ٹرینر تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔
تبصرے بند ہیں.