لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نفرت اور تعصب کا زہر معاشروں کو کھوکھلا کر دیتا ہے، اور ایک مضبوط و پرامن معاشرے کی تعمیر کے لیے رواداری اور برداشت ضروری ہیں۔
برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی زندگی میں رواداری اور برداشت کی شاندار مثالیں قائم کیں، اور ہمیں ان پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، احترام اور برداشت ہی ایک کامیاب معاشرے کی بنیاد ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ دنیا مختلف عقائد، ثقافتوں اور نظریات کا مجموعہ ہے، اور ہمیں ان سب کا احترام کرنا چاہیے۔ قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ہم برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں، اور تعلیمی اداروں کو بھی نوجوان نسل کو احترام، محبت اور برداشت کے اصول سکھانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نفرت اور تعصب معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچاتے ہیں، اور ہمیں ایک ایسا معاشرہ قائم کرنا ہے جو ہر فرد کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے اختلافات کو تسلیم کرتے ہوئے احترام اور عزت کی فضا کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی ایک مضبوط مثال بنایا جا سکے۔
تبصرے بند ہیں.