لاہور : پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شیخوپورہ سے کوٹ مومن تک موٹروے ایم2، پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک موٹروے ایم4، لاہور سے درخانہ تک موٹروے ایم3 اور ملتان سے سکھر تک موٹروے ایم5 کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ میں کمی واقع ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے ان راستوں پر حادثات کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ موٹروے پولیس نے عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کا محفوظ سفر یقینی بنایا جا سکے۔
موٹروے پولیس نے اس صورتحال میں روڈ یوزرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسموگ اور دھند کے دنوں میں سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ضروری ہو تو دن کے اوقات میں سفر کریں۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں کے آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ دیگر گاڑیوں کو بہتر طور پر دیکھا جا سکے اور حادثات کا خطرہ کم ہو۔
موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ عوام کو سفر سے متعلق تازہ ترین اطلاعات کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن اور ویب سائٹ سے رجوع کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.