ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

70

لاہور:  محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

 

گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور پوٹھوہار کے علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا، ساتھ ہی تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔

 

پنجاب کے زیادہ تر علاقے خشک رہیں گے، لیکن میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دُھند کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، خاص طور پر لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور دیگر میدانی علاقوں میں اسموگ چھائی رہنے کی توقع ہے۔

 

اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقے بھی ابر آلود رہیں گے، جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

 

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقے جیسے چترال، سوات، دیر، کوہستان اور مانسہرہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور پہاڑوں پر برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

 

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے خشک رہیں گے، تاہم پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی بڑھنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تبصرے بند ہیں.