برن : سوئٹزرلینڈ میں خواتین کے برقعے پر پابندی کا فیصلہ قطعی طور پر نافذ کرنے کی تاریخ طے کر دی گئی ہے۔ سوئس حکومت کی فیڈرل کونسل نے اعلان کیا ہے کہ 1 جنوری 2025 سے سوئٹزرلینڈ میں خواتین کو عوامی مقامات پر برقعہ پہننے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزار سوئس فرانک (تقریباً 1,100 امریکی ڈالر) تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یہ پابندی صرف عوامی مقامات پر نافذ ہوگی، ہوائی جہاز اور سفارت خانوں میں برقعے پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اسی طرح، عبادت گاہوں میں مسلمان خواتین کو نقاب پہننے کی اجازت ہوگی۔
فیڈرل کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس پابندی کا مقصد معاشرتی ہم آہنگی اور عوامی مقامات پر شناخت کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ حکومت نے یہ بھی وضاحت کی کہ تفریحی، اشتہاری یا سیاحتی مقاصد کے لیے بھی چہرہ چھپانے کی اجازت دی جائے گی۔
اس فیصلے پر سوئٹزرلینڈ میں موجود مسلم کمیونٹی اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ 2021 میں جب سوئٹزرلینڈ کے حکام نے برقعے پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا تھا، تو مسلم تنظیموں نے اس اقدام کو مذہبی آزادی کے خلاف اور خواتین کے حقوق کی پامالی قرار دیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.