سلمان خان کو دوبارہ جان سے مارنے کی دھمکی، ممبئی پولیس نے سیکیورٹی مزید بڑھا دی

149

 

ممبئی :بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی حفاظت مزید سخت کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، بیسنوئی گینگ کے ایک مبینہ رکن نے واٹس ایپ کے ذریعے ممبئی ٹریفک کنٹرول روم کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا، جس میں سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا گیا یا پھر بیسنوئی مندر کے دورے کی شرط رکھی گئی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ابتدائی طور پر اس پیغام کا سراغ کرناٹک سے ملا ہے۔ تاہم، وی پی این کے استعمال کی وجہ سے درست مقام کا پتا لگانا دشوار ہو گیا ہے۔ بنگلور میں 35 سالہ ایک ویلڈر کو حراست میں لیا گیا ہے، جس سے گینگ سے تعلق کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں اور ان کی سیکیورٹی ٹیم کو کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت دی ہے۔ اداکار کو محتاط رہنے اور غیر ضروری عوامی تقریبات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.