حافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کا تحریری جواب جمع کروا دیا

89

کراچی:امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے 3 نومبر کو سنگم گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا میں الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز کے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شرکت اور ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرنے پر الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹس کا تحریری جواب جمع کروا دیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر سیف الدین ایڈوکیٹ نے حافظ نعیم الرحمن کی طرف سے وکیل کے طور پر ڈسٹرکٹ سینٹرل آفس میں پیش ہو کر جواب جمع کرایا۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ یہ پروگرام الخدمت کے زیر اہتمام تھا، جو ایک فلاحی ادارہ ہے، اور اس کا مقصد صرف تعلیمی نوعیت کی خدمات فراہم کرنا تھا۔

جواب میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ پروگرام کا اعلان الیکشن شیڈول کے اعلان سے بہت پہلے کر دیا گیا تھا، اور اس میں شرکت کے لیے طلبہ و طالبات کی رجسٹریشن کئی ماہ قبل شروع ہو چکی تھی۔ اس کے علاوہ، شہر کے مختلف علاقوں میں بھی ایسے ہی دو پروگرامز منعقد ہوئے تھے، جہاں کسی قسم کے ضمنی انتخابات نہیں ہو رہے تھے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس تعلیمی پروگرام کا کسی بھی ضمنی انتخاب سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

تحریری جواب میں مزید کہا گیا کہ اس نوعیت کی تعلیمی تقریبات میں حافظ نعیم الرحمن کی شرکت پر الیکشن کمیشن کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ پروگرام مکمل طور پر تعلیمی مقصد کے لیے تھے اور ان کا ضمنی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

تبصرے بند ہیں.