میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی عمر کی تصدیق کے لیے نئے اے آئی ٹول ’ایڈلٹ کلاسیفائر‘ کا آغاز کر دیا
کیلیفورنیا:انسٹاگرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ کم عمر صارفین سوشل میڈیا پر اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ نہ بولیں تاکہ وہ غیر مناسب مواد تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔ میٹا نے ’ایڈلٹ کلاسیفائر‘ نامی ایک نئے اے آئی ٹول کو متعارف کرایا ہے، جو صارفین کی عمر کی درست تصدیق کے لیے ان کے آن لائن رویوں اور پروفائل کی معلومات کا تجزیہ کرتا ہے۔
یہ ٹول صارف کی سرگرمیوں کو دیکھ کر ان کی عمر کا اندازہ لگاتا ہے، جیسے کہ وہ کس قسم کے مواد کو پسند کرتے ہیں، کس کو فالو کرتے ہیں، اور سالگرہ کی پوسٹس جیسے تبصرے بھی تجزیہ کیے جاتے ہیں۔ اگر ٹول یہ پتا لگاتا ہے کہ صارف 18 سال سے کم ہے، تو اس کا اکاؤنٹ خود بخود ’ٹین اکاؤنٹ‘ میں تبدیل ہو جائے گا، جس میں زیادہ محدود پرائیویسی سیٹنگز ہوں گی اور مواد کی رسائی پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
انسٹاگرام پہلے ہی سائن اپ کے دوران صارفین سے اپنی عمر کی درست اطلاع دینے کی درخواست کرتا ہے، مگر کم عمر افراد اکثر بالغوں کے مواد تک رسائی کے لیے عمر کے بارے میں جھوٹ بولتے ہیں۔ یہ اے آئی ٹول اگلے سال کے شروع میں ایسے صارفین کی عمر کی تصدیق کرنا شروع کرے گا جو اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ بولتے ہیں، اور 18 سال سے کم عمر کے تمام صارفین کو نوعمر اکاؤنٹس میں رکھا جائے گا۔
میٹا کا یہ اقدام سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے لیے محفوظ ماحول بنانے کی کوشش کا حصہ ہے، خاص طور پر اس وقت جب کمپنی کو نوجوانوں کی ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے اثرات کی بڑھتی ہوئی تشویش کا سامنا ہے۔
تبصرے بند ہیں.