اسلام آباد : قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور شدہ 6 اہم بلز پر دستخط کر کے انہیں قانون کا درجہ دے دیا ہے۔
قائم مقام صدر نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل، نیوی ایکٹ ترمیمی بل اور ائیر فورس ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان ترامیم کے مطابق تینوں مسلح افواج کے سربراہان (آرمی چیف، نیول چیف اور ایئر فورس چیف) کی مدتِ ملازمت تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد بڑھانے کا بل اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافے کا بل بھی منظور کیا ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 31 سے بڑھا کر 34 کر دی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے بڑھا کر 12 کر دی گئی ہے۔
وزیرِاعظم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد پاکستان کے دفاعی اداروں اور عدلیہ میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانا ہے تاکہ وہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ بہتر طور پر کر سکیں۔
دوسری جانب اپوزیشن نے ان ترامیم پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اصلاحات مخصوص مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں اور ان میں شفافیت کی کمی ہے۔ تاہم، حکومت کا موقف ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد ملک کی ترقی کے لیے ضروری اقدامات ہیں اور اس سے تمام ادارے مزید مستحکم ہوں گے۔
تبصرے بند ہیں.