ہانگ کانگ :سری لنکا نے ہانگ کانگ سپر سکسز کے فائنل میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میچ ہانگ کانگ میں کھیلا گیا، جہاں سری لنکا کے کپتان لاہیورو مدوشنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو کہ صحیح ثابت ہوا۔
پاکستان کی بیٹنگ شروع ہی میں مشکلات کا شکار رہی۔ پہلے اوور میں آصف علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جبکہ حسین طلعت صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کھلاڑی فاسٹ باؤلر دھننجایا لکشن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف اور اوپننگ بیٹر محمد اخلاق نے اننگز سنبھالی اور اسکور کو 34 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔ محمد اخلاق نے 20 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 48 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ فہیم اشرف نے 13 رنز بنائے۔
پاکستان کی پوری ٹیم 5.2 اوورز میں 72 رنز تک محدود رہی۔ سری لنکا کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، جس میں دھننجیا لکشن اور تھرینڈو رتنائیکے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے 73 رنز کا ہدف 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔ اوپننگ بیٹر سندون ویراکوڈی نے 13 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی۔ کپتان لاہیورو مدوشنکا نے 5 گیندوں پر 19 رنز بنائے، جس سے ان کی ٹیم کو 2007 کے بعد پہلی بار ایونٹ میں فتح ملی۔
دھننجیا لکشن کو شاندار باؤلنگ کے باعث میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ تھرینڈو رتنائیکے کو ایونٹ میں بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
تبصرے بند ہیں.