کیلیفورنیا: میٹا نے گوگل اور مائیکرو سافٹ کے بنگ سرچ انجنز پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) پر مبنی سرچ انجن تیار کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، میٹا کا یہ نیا AI سرچ انجن مستقبل میں میٹا AI چیٹ بوٹ کے ذریعے صارفین کو مختلف موضوعات پر تفصیلی معلومات فراہم کرے گا۔ فی الحال میٹا کو خبروں، اسٹاکس، اور اسپورٹس جیسے موضوعات کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے گوگل اور بنگ پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، مگر نئے سرچ انجن سے میٹا خود کفیل ہو سکے گا۔
اس سے پہلے اوپن اے آئی نے بھی اپنا AI سرچ انجن لانچ کیا تھا جس کا مقصد گوگل کی بالادستی کو چیلنج کرنا ہے، تاہم اوپن اے آئی اب بھی کچھ حد تک مائیکرو سافٹ بنگ پر انحصار کرتا ہے۔
میٹا نے حالیہ دنوں میں رائٹرز کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے، جس سے وہ رائٹرز کے مواد کو بروئے کار لا کر صارفین کو تازہ ترین خبروں اور موجودہ حالات کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کر سکے گا۔
دوسری جانب، گوگل بھی اپنے AI ماڈل "جیمنائی” کو سرچ انجن میں شامل کر رہا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ جدید اور بہتر ویب سرچ کا تجربہ مل سکے۔
میٹا کی جانب سے اس رپورٹ پر باضابطہ طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.