پاکستان تحریک انصاف کا باضابطہ طور پر جوڈیشل کمیشن میں شامل ہونے کا فیصلہ

92

اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں شامل ہوگی۔

 

پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں یہ طے پایا کہ کمیشن کے لیے پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے حزبِ اختلاف کے دو ارکان نامزد کیے جائیں گے۔

 

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جوڈیشل کمیشن کی ذمہ داریاں بڑھا دی گئی ہیں، جس میں سپریم کورٹ، ہائی کورٹس، اور فیڈرل شریعت کورٹ میں ججز کی تقرری اور ہائی کورٹ کے ججز کی کارکردگی کی نگرانی شامل ہے۔ کمیشن ججز کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی تیار کرے گا اور ضرورت کے مطابق مختلف بنچز قائم کر سکے گا۔

 

جوڈیشل کمیشن 13 ارکان پر مشتمل ہوگا، اور فیصلے سادہ اکثریت سے کیے جائیں گے۔ کسی رکن کی غیر حاضری سے کمیشن کے فیصلے کی قانونی حیثیت متاثر نہیں ہوگی۔

 

اجلاس میں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے متفقہ طور پر جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی تجویز منظور کر لی، جسے کور کمیٹی کی توثیق اور عمران خان کی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی نے 26ویں آئینی ترمیم پر اپنے اصولی مؤقف کو بھی دہرایا۔

تبصرے بند ہیں.