کراچی: پاکستان کی معروف ماڈل، اداکارہ، اور میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین نے دبئی میں پاکستانی مردوں کی جانب سے خواتین کو نامناسب نظر سے دیکھنے کا ذکر کیا ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انہوں نے پاکستان میں خواتین کے ساتھ بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ نادیہ نے دبئی کے جمیرا بیچ پر اپنی آنکھوں دیکھی صورت حال بیان کی، جہاں کچھ مرد شلوار قمیض اور جوگرز میں بیٹھ کر خواتین کو گھور رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان مردوں کی توجہ مکمل طور پر خواتین کی جانب ہوتی ہے، اور وہ اس طرح کے رویے میں مصروف رہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بعض مردوں کی نظر کے بعد مزید غیر مناسب حرکات کرنے کی ہمت ہو جاتی ہے، جبکہ دبئی میں انہیں صرف دیکھنے تک ہی محدود رہنا پڑتا ہے۔ نادیہ نے اس بات پر زور دیا کہ جرم کا غریب یا امیر سے کوئی تعلق نہیں، ہر مجرم کو اس کے عمل کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے اسلام آباد میں اہلیہ کے قتل سے لے کر کراچی میں بیٹی اور والد کے قتل تک تمام مجرموں کو سخت سزاؤں کی ضرورت پر زور دیا۔ نادیہ نے کہا کہ باحجاب اور باپردہ خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے مردوں کو سر عام سزا دینی چاہیے، تاکہ اس طرح کے جرائم میں کمی لائی جا سکے۔ ان کے خیال میں یہ اقدامات ضروری ہیں ورنہ حالات میں بہتری نہیں آئے گی۔
تبصرے بند ہیں.