اشک آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ ترکمانستان میں روسی ہم منصف ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
صدرمملکت آصف علی زرداری اشک آباد میں ترکمانستان کے عظیم مفکر، شاعر اور فلسفی مقطیمقلی فراگی کے300 ویں یوم پیدائش کے موقع پرمنعقد بین الاقوامی فورم ’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد‘ میں شرکت کی اور اس دوران روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن سے ملاقات ہوئی اور دونوں سربراہان مملکت نے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اشک آباد میں غیر رسمی ملاقات میں دونوں صدور نے پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور خوش گوار جملوں کا تبادلہ کیا۔
قبل ازیں ترکمانستان کے عظیم مفکر مقطیمقلی فراگی کے300 ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ بین الاقوامی فورم ’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد‘ میں خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، پاک-ترکمانستان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ عقیدے، ایک بہتر اور پرامن مستقبل کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم، امن و مکالمے کے فروغ کے لیے فورم کے انعقاد پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کو مبارک باد دیتا ہوں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ میں ترکمانستان کی قیادت سے ون آن ون ملاقاتیں کیں، جن میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کی پیپلز کونسل کے چیئرمین گربنگولی بردی محمدوف بھی شامل ہیں۔
ملاقاتوں کے دوران رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، پاکستان اور ترکمانستان کے رہنماؤں نے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور دو طرفہ رابطہ مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے ترکمانستان کے قومی رہنما اور ترکمانستان کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ اور خطے میں امن اور خوش حالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.