پی ٹی آئی احتجاج : بانی پی ٹی آ ئی سمیت دیگر کارکنوں پر بغاوت اور دہشتگردی کے22 مقدمات درج

48

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے تناظر میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں پر لاہور میں بغاوت اور دہشتگردی کے مقدمے درج کیے گئے۔

تھانہ اسلام پورہ میں ریاست کے خلاف بغاوت، دہشت گردی اور اقدام قتل کی سنگین دفعات کے تحت چئیرمین پی ٹی آئی ،رہنماؤں اور 200 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔مقدمے میں حماد اظہر ،سلمان اکرم راجا،غلام محی الدین، ایم پی اے شہباز، مسرت جمشید چیمہ، شیخ امتیاز، علی امتیاز، شبیر گجر سمیت دیگر رہنماؤں کو  نامزد کیا گیا۔

 

ایف آئی آر کے متن  کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں غیر معمولی سہولیات حاصل ہیں، عمران خان نے جیل کے اندر سے  ان رہنماؤں کو ریاست کے خلاف تشدد پر اکسایا، جس پر ان رہنماؤں نے کارکنوں کے ساتھ ریاست مخالف نعرے بازی کی اور توڑ پھوڑ کی، کارکنوں نے کانسٹیبل بلال کو زخمی کیا، پولیس نے موقع سے 16 مشتعل کارکنوں کو حراست میں لیا، جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

 

تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف تھانہ ملت پارک اور ہنجروال میں بھی مقدمات درج کیے گئے۔

 

ادھر تھانہ ٹیکسلا پولیس نے بھی بانی پی ٹی آئی سمیت 300 افراد پر دہشتگردی و دیگر سخت ترین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمے میں دیگر قائدین راجہ بشارت ،تیمور مسعود ،اجمل صابر راجہ ،ضیاد خلیق کیانی ، شہریار ریاض ، راجہ راشد حفیظ، اعجاز خان جازی ، ناصر محفوظ ، ایڈووکیٹ عقیل ، چوہدری امیر افضل ،راجہ شہباز ، عثمان ٹائیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔ ٹیکسلا پولیس نے 105 مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا۔

 

واضح رہے کہ بروز ہفتہ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتجاج کے باعث مینار پاکستان اور اس کے اطراف کے راستوں کو کینٹنرز لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.