اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2024- 2023کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 اکتوبر تک توسیع کردی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع تاجر تنظیموں اور تیکس بار ایسوسی ایشنز کے مطالبے پر کی گئی ہے۔توسیع کے بعد اب سال 2023-2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے 14 اکتوبر تک جمع کروائے جاسکتے ہیں جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق تمام ٹیکس دہندگان سے درخواست ہے کہ جرمانہ اور سزاوں سے بچنے کے لئے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے فوری جمع کرائیں۔
اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مالی سال 2024 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جا رہی، اس حوالے سے مختلف ذرائع ابلاغ پر چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق سسٹم پر بوجھ کی وجہ سے صرف تنخواہ دار طبقے کے ٹیکس ریٹرن بمشکل فائل ہوپارہے ہیں جبکہ ہیوی ڈیٹا یا بڑی فائلز والے انکم ٹیکس ریٹرن کی پراسسنگ میں مشکلات درپیش ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک 35 لاکھ سے زیادہ افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن کی تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.