پاک روس شراکت داری حوصلہ افزا ہے کیونکہ نہ صرف ماضی میں جنم لینے والی تلخیوں کی خلیج کم ہو رہی ہے بلکہ دونوں ممالک قریب سے قریب تر آنے لگے ہیں دو دہائی قبل ایسی صورتحال کے بارے میں سوچنا بھی محال تھا کہ پاکستان جیسا امریکہ کا قریبی اتحاد ی روس کی طرف ہاتھ بڑھائے گا جسے بخوشی تھام لیا جائے گا مگر اب یہ حقیقت ہے کہ دونوں ممالک تلخ ماضی کو بھول کر مستقبل میں باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کر چکے ہیں اِس میں چین کا بھی کردار ہے جس نے ماضی کے حریفوں کو حلیف بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ شراکت داری کے لیے پُرعزم پاک روس قیادت کو شنگھائی تعاون تنظیم سے اختلافی امور کا حل تلاش کرنے میں بھی کافی مدد ملی۔
پاکستان کے لیے تجارتی حوالے سے امریکہ، سعودی عرب، چین اور برطانیہ آج بھی اہم ہیں لیکن اب روس بھی غیر اہم نہیں رہا اِس وقت دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر کے قریب ہے جسے اِس بنا پر زیادہ بہتر نہیں کہہ سکتے کہ پاک امریکہ تجارتی حجم دس ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے، قابلِ ذکر بات یہ کہ زیادہ حصہ پاکستان کا ہے۔ اِس تناظر میں پاک روس تجارت حوصلہ افزا نہیں البتہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ اگر ضرورتوں کا تعین کر لیا جائے تو ایک ارب ڈالر کے تجارتی حجم کو کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے کیونکہ امریکہ کے لیے پاکستان کچھ زیادہ اہم نہیں رہا بلکہ میزائل سازی کے حوالہ سے پابندیوں کی زد میں ہے نیز روس کو بھی امریکہ اور مغربی ممالک کی طرف سے مختلف قسم کی پابندیوں کا سامنا ہے جس کا تقاضا ہے کہ پاک روس قیادت صرف روابط اور تجارت بڑھانے کے عزم تک محدود نہ کرے بلکہ توانائی اور دفاعی شعبوں تک تعلقات اور تعاون کے اقدامات کرے صرف اِس طرح ہی پابندیوں کو بے اثر کیا جا سکتا ہے افغانستان سے انخلا کے بعد امریکہ نے پاکستان سے نظریں پھیر لیں مگر چینی خطرے نے پاکستان کو ایک بار پھر امریکہ کے لیے اہم کر دیا ہے اور اب اُس کی کوشش ہے کہ پاکستان کو مکمل طور پر چین کی طرف جانے سے روکا جائے اسی لیے پابندیاں لگانے کے باوجود آئی ایم ایف سے سات ارب ڈالر بھاری قرض دلانے میں تعاون کیا ہے اب یہ ہماری قیادت کی فہم و فراست کا امتحان ہے کہ ماضی کی سرد جنگ کی طرح اب پھر کسی ایک بلاک کا حصہ نہ بنے بلکہ ملکی مفاد کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
پاک روس شراکت داری کے آغاز میں ذوالفقار علی بھٹو کا قابلِ قدر کردار ہے انہوں نے سرد جنگ کے عروج میں روس کے دو دورے کیے جن کے دوران غلط فہمیاں دور کرنے اور شراکت داری کی طرف آنے کا نہ صرف موقع ملا بلکہ روسی تعاون سے پاکستان سٹیل مل جیسا منصوبہ مکمل کیا گیا جس سے پاکستان کے سٹیل کی درآمدات پر اُٹھنے والے بھاری اخراجات کم ہوئے اب دوبارہ دونوں ممالک ایک نئی سٹیل مل قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کے لیے پہلے کی طرح کراچی کا ہی انتخاب کیا گیا ہے خوش قسمتی سے غیر فعال سٹیل مل کا سات سو ایکڑ رقبہ اِس مقصد کے لیے دستیاب ہے اِس لیے یہ منصوبہ ممکن ہے ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں خام لوہے کے ذخائر 1887 ملین ٹن سے زائد ہیں مگر پاکستان اپنی ضرورت کا لوہا اور سٹیل درآمد کرنے پر مجبور ہے اگر نئی سٹیل مل کا منصوبہ مکمل ہو جاتا ہے تو ملکی ضروریات کے لیے نہ صرف لوہا اور سٹیل وافر ملے گا جس سے صنعتی ترقی کی رفتار تیز ہو گی بلکہ درآمدی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
منصوبے بنانا آسان مگر مکمل کرنا محنت طلب ہے 2015 میں پاک بیلا روس کے درمیان معاہدہ طے پایا جس کے مطابق بیلا روس نے جنوری 2016 سے پاکستان میں ہر برس پانچ سو ٹریکٹر تیار کرنا تھے مگر یہ منصوبہ اِس حد تک ناکام ہوا کہ اِس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے کئی سرمایہ کار دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئے اب دونوں ممالک ٹریکٹر وبس سازی کا منصوبہ بنا رہے ہیں جو تبھی مفید ثابت ہو سکتا ہے جب پاکستان تیار سامان خریدنے کے بجائے ٹیکنالوجی کی منتقلی پر توجہ دے رواں ماہ پاکستان کے دورے پر آئے روس کے نائب وزیرِ اعظم الیکسی اوورچک اور اسحاق ڈار نے اٹھارہ ستمبر کو مشترکہ پریس کانفرنس میں شراکت داری کو بہتر اور وسیع کرنے کا عزم دہرایا مگر ضرورت اِس امر کی ہے کہ عزم کے ساتھ عمل بھی ہو تاکہ روسی معاہدوں کا حشر بھی بیلا روس کی طرح نہ ہو۔
پاک روس شراکت داری بہتر بنانے پر دونوں ممالک میں کامل اتفاق ہے توانائی کے درپیش مسائل کی وجہ سے روسی تعاون بہت اہم ہے اپریل 2005 میں روسی وزیرِ اعظم میخائل فریڈکوف پاکستان کے دورے پر آئے مگر تعاون کے خوشنما وعدوں سے بات آگے نہ بڑھ سکی موجودہ صدر آصف زرداری جب پہلی بار ملک کے صدر بنے تو بطور صدر انہوں نے 2011 میں روس کا دورہ کیا اِس دوران اتنی پیش رفت ہوئی کہ دونوں ممالک تعاون بڑھانے کا عندیہ ظاہر کرنے تک محدود نہ رہے بلکہ کسی حد تک کام بھی ہوا یہی دورہ صحیح معنوں میں شراکت داری کے لیے سنگِ میل ثابت ہوا قبل ازیں اپریل 1999 میں میاں نواز شریف بھی ماسکو گئے لیکن صنعت کار وزیرِ اعظم کا یہ سفر اِس لیے رائیگاں گیا کیونکہ بات وعدوں سے آگے نہ بڑھ سکی 2022 میں عمران خان ماسکو گئے تو صدر پوٹن نے نہایت گرمجوشی سے خیر مقدم کیا مگر اِس دورے کی گرمجوشی کارآمد ثابت نہ ہو سکی دراصل عمران خان ماسکو پہنچنے تو اگلے ہی دن روس نے یوکرین پر حملہ کر دیا یہ جنگ ابھی تک جاری ہے جس میں روس جزوی حد تک کامیاب ہے اور امریکہ سمیت تمام مغربی ممالک اربوں ڈالر کا یوکرین کو اسلحہ دیکر بھی اُسے شکست نہیں دے سکے۔ صدر پوٹن نے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو قریب تر کر کے ایسی چال چلی ہے جس کا توڑ ہنوز تلاش نہیں کیا جا سکا یہ درست ہے کہ روس اِس وقت کوئی بڑی عالمی طاقت نہیں لیکن رقبے کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا یہ ملک اب بھی بااثر ہے جو کسی بھی وقت عالمی منظر نامے پر اثر انداز ہو سکتا ہے مگر ماضی کے تلخ تجربات کا تقاضا ہے کہ پاکستان اپنا مکمل وزن کسی ایک پلڑے میں ڈالنے کے بجائے سب سے تعاون حاصل کرنے کی روش پر چلے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا جلاس آئندہ ماہ اکتوبر میں اسلام آباد ہو رہا ہے جس میں روسی وزیرِ اعظم میخائل مشسٹن مشسٹن کی آمد متوقع ہے دیرپا اور پائیدار تعلقات کے لیے لازم ہے کہ دونوں ممالک تعلیمی اور ثقافتی وفود کو فروغ دیں سرمایہ کاری کا طریقہ کار آسان بنائیں صنعت، زراعت اور توانائی میں تجربات کا تبادلہ کیا جائے ہمہ جہتی نوعیت کے تعلقات سے ہی باہمی شراکت داری مضبوط ہو سکتی ہے خوش قسمتی سے روس بقا کی جنگ لڑ رہا ہے جس میں دنیا کے اکثر ترقی یافتہ ممالک اُس کے مخالف ہیں مختلف نوعیت کی پابندیوں سے وہ معاشی طور پر دباؤ کا شکار ہے اسی لیے ارزاں نرخوں پر تیل فروخت کرنے پر مجبور ہے اگر پاکستانی قیادت توجہ دے تو روسی شراکت داری سے ملک کے زرعی، صنعتی اور توانائی کے کئی مسائل پر قابو پا سکتی ہے۔
تبصرے بند ہیں.