اگست میں بجلی کی کھپت کم ہونے سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید مہنگی ہوگی ، نیپرا اجلا س میں انکشاف
اسلام آباد :نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ اگست میں ملک میں بجلی کی کھپت 25 فیصد کم ہوگئی۔ کھپت کم ہونے سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید مہنگی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کیے گئے اضافی 57 پیسے فی یونٹ صارفین کو واپس کرنے کے کیس پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بجلی کی کھپت میں کمی پراظہار تشویش کرتے ہوئے ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا نے کہا کہ ملک میں 13 ہزار میگاواٹ کے سولر پینلز درآمد ہوچکے ہیں، عوام نیشنل گرڈ چھوڑ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی کھپت میں یہ کمی بجلی کے مہنگے ہونے کی بڑی وجہ بنتی جا رہی ہے۔
ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ بجلی کی کھپت کم ہونے سے آمدنی میں ہونے والی کمی پوری کرنے کیلئے بوجھ صارف پر ڈالا جارہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.