اسلام آباد : وفاقی حکومت نے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت مزید سرکاری ادارے بند کرنے کی تجاویز تیار کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت صنعت وپیداوار کے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سنٹر اور نیشنل پروڈیکٹوٹی آرگنائزیشن سمیت دیگر اداروں کو بند کرنے کی نشاندہی کی گئی۔
حکومتی ذرائع کےمطابق وفاقی حکومت کاحجم اوراخراجات کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر کام جاری ہے جس میں اداروں کو بند کرنا، نجکاری اور ضم کرنے سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت صنعت وپیداوار کے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سنٹر اورنیشنل پروڈیکٹوٹی آرگنائزیشن بند کرنے کی تجویز ہے، اسی طرح پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی کو بھی بند کرنے کی تجاویز تیار ہیں اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی نج کاری کرنے یا اسے ختم کرنے کے دونوں آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ و زیراعظم نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن اور نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کو بند کرنے کے لئے بھی وزارت صنعت و پیداوار کو ٹاسک دیا ہوا ہے۔تیار کی گئی تجاویز شہباز شریف کے سامنے پیش کی جائیں گی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد ان تجاویز کی کابینہ منظوری دے گی۔
واضح رہے کہ وزیر خزانہ کی سر براہی میں رائٹ سائزنگ کمیٹی حکومت کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.