لاہور: جماعت اسلا می نے”حق دو تحریک” کے لیے اگلا لائحہ عمل دے دیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بجلی کی قیمتوں اور مہنگائی کے خلاف 29 ستمبر کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد حق دو تحریک مزاحمتی تحریک بن جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بس بہت ہوگیا، بجلی کے بلوں اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف عوام کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، 29 ستمبر سے 27 اکتوبر تک نئی احتجاجی تحریک کا آغاز کررہے ہیں جب کہ بل ادا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ عوام سے پوچھ کر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 45 دن پورا ہونے پر نئی تحریک شروع کررہی ہے، 29 ستمبر کو مختلف شہروں میں بڑے بڑے مظاہرے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی یکم اکتوبر سے 7 اکتوبر تک غزہ و لبنان کے لوگوں کے نام کریں گے، 7 اکتوبر کے بعد نئی مزاحمتی تحریک شروع کریں گے جس میں احتجاجی دھرنا اور ریلیاں نکالیں گے۔حافظ نعیم الرحما ن نے کہا کہ 23 سے 27 اکتوبر تک پاکستانی عوام سے رابطہ کرکے ریفرنڈم کریں گے کہ آنے والے بلوں کی ادائیگی کرنی چاہیے یا نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو ہمارے پاس ملین مارچ کا آپشن ہے جو لانگ مارچ کی شکل بھی اختیار کر سکتا ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے انہیں آئی پی پیز کو لگام ڈالنا ہوگا۔
تبصرے بند ہیں.