پنجاب حکومت کا مہنگائی کے خاتمے کے لئے ایک اور قدم، انفو رسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانونی کارروائی مکمل کرنے کا حکم
لاہور: پنجاب حکومت نے مہنگائی کے خاتمے کے لیے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے انفورنسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانونی کارروائی مکمل کرنے کا حکم د یا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا پنجاب کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیر متزلزل ہے، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لئے مجاز اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے، ہر سیکٹر میں سٹرکچرل ریفارمز متعارف کرا رہے ہیں، گلیوں اور بازاروں میں تجاوزات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیئرنگ آفیسر تحصیل کی سطح پر اپیل سن کر فیصلہ دے گا، پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی مہنگائی کے خاتمے کے لئے مؤثر کردار ادا کرے گی، تحصیل میں انفورسمنٹ افسر سمیت 40 اہلکار اشیائے صرف کے نرخ کی مانیٹرنگ اور کارروائی کریں گے، عوام کی شکایات پر بھی گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو گی۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز قائم ہوں گی، ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ بنے گا، تحصیل کی سطح پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر قانون کے نفاذ کو یقینی بنائے گا۔
تبصرے بند ہیں.