اسرائیل نے تمام سرخ لکیریں پار کرلی ہیں ،حزب اللّٰہ

103

لبنا ن : حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تمام سرخ لکیریں پار کرلی ہیں۔ دو روز کے دوران ہونے والے حادثات نے حالات کو نیا رخ دے دیا۔

واکی ٹاکی دھماکوں کے بعد بیروت میں پہلے خطاب میں حزب اللّٰہ کے سربراہ نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں مواصلاتی آلات کے دھماکوں سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے، دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی تعداد انتہائی زیادہ ہے۔ اسرائیل نے ایک منٹ میں 4 ہزار سے زائد افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں افراد کو قتل کرنے کےلیے مواصلاتی آلات کا استعمال کیا، اسرائیل نے مواصلاتی آلات دھماکوں کے ذریعے جنگ کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ دو روز کےدوران واقعات سے حالات کا از سر نو جائزہ لینا چاہیے، دشمن نے حزب اللّٰہ کو انتہائی بڑا نقصان پہنچایا، اسرائیل نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔

 

حسن نصراللّٰہ نے حملوں کے متاثرین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ لبنان کے عوام بالخصوص طبی عملے اور خون کے عطیات دینے والوں کے شکر گزار ہیں۔ مارکیٹ، بازار اور اسپتال کچھ بھی اسرائیل کی دہشتگردی سے نہ بچ سکے۔ اسرائیلی حملے بڑی دہشتگردی اور نسل کشی کے مترادف ہیں۔

 

حزب اللّٰہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے لبنان کی خود مختاری پر حملہ اور جنگ کے اعلان کے مترادف ہے، مواصلاتی آلات دھماکوں سے نقصان پہنچا لیکن یہ ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

 

واضح رہے کہ لبنان میں اتوار اور گذشتہ روز اسرائیل کی جانب سے مواصلاتی آلات میں دھماکوں سے 37 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔لبنانی وزیر صحت کے مطابق مواصلاتی آلات کے دھماکوں میں 3 ہزار 539 افراد زخمی بھی ہوئے۔

تبصرے بند ہیں.